فون چارج نہ ہونے کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں جن میں پلگ اور چارجنگ کیبل کا خراب ہوجانا بھی شامل ہے۔
چارجر کا ایڈاپٹر بھی خراب ہو تو چارجنگ میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
موبائل فونز کی چارجنگ پورٹ پر کوئی کور نہیں ہوتا جس کے باعث جیب یا کسی بھی جگہ رکھے موبائل فون میں مٹی یا ذرے داخل ہوجاتے ہیں یا پھر جینز کی پینٹ یا کپڑے دھل جانے کے باعث پرانی رسیدوں کا باریک چورا بھی فون کے پورٹ میں داخل ہوسکتا ہے۔
یہ ذرے مہینوں اور سالوں آپ کے فون کی چارجنگ پورٹ میں جمع ہو تے رہتے ہیں اور ساتھ ہی آپ فون چارجنگ بھی آسانی سے کرتے ہیں لیکن 6 ماہ میں موبائل فون کی چارجنگ اسپیڈ میں بتدریج کمی آنا شروع ہوجاتی ہے اور پھر فون کی بیٹری جلدی ختم ہوجاتی ہے۔
آپ کا آئی فون یا اینڈرائیڈ فون چارج نہیں کررہا تواس پریشانی سے موبائل ٹیکنیشن کو پیسے دیے بغیراور گھر بیٹھے بآسانی چھٹکارہ حاصل کیا جاسکتا ہے اور اس کا طریقہ ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
چارجنگ پورٹ کی صفائی کیلئے کاک ٹیل اسٹک، ٹوتھ پک یا کوئی باریک چیز لیں تاہم لکڑی یا پھر پلاسٹک کی چیز بہتر رہے گی اور اس سے فون کے اندر نقصان کا امکان بھی کم ہوگا۔
ٹوتھ پک میں سے کوئی بھی چیز چارجنگ پورٹ میں ڈال کر اس کو معمولی سا کھرچنا ہوگا اور اس دوران اسٹک کے ذریعے پورٹ سے کچرا نکل جائے گا لیکن آپ کو یاد رکھنا ہوگا کہ اس عمل میں تیزی یا سختی نہیں کرنی ورنہ فون کی پورٹ خراب بھی ہوسکتی ہے اور فون نیا خریدنا پڑ سکتا ہے۔
امید ہے اس آسان طریقے سے آپ کا فون چارجنگ کا مسئلہ حل ہوجائے گا اور آپ کو ٹیکنیشن کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔